سوال/جواب: پناہ حاصل کرنے کے پروسیجر میں انگلیوں کے نشانات آپ کی مدد کیوں کریں گے

پناہ کی درخواست دینے کے مرحلے میں انگلیوں کے نشانات سے متعلق بہت سے مفروضے اور جھوٹی معلومات پائی جاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ہم نے اس بارے میں مختصرا حقائق بیان کردیے ہیں کہ آپکی انگلیوں کے نشانات کیسے استعمال ہوں گے – اور مدد حاصل کرنے کے لیے یہ اہم کیوں ہے۔

ایک عام مگر غلط مفروضہ یہ ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں سرکاری حکام کو انگلیوں کے نشانات جمع نہ کرانے سے پناہ کے خواہشمندوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ ان گمراہ کن معلومات کے ساتھ ایک جھوٹا مشورہ یہ بھی دیا جاتا ہے کہ یورپی پناہ گزینوں کے ڈیٹا بیس میں انگلیوں کے نشانات محفوظ ہونے کے بعد بھی فنگرپرنٹس کو ڈیٹا بیس سے مٹایا جاسکتا ہے۔ جس کا اصل میں مطلب یہ ہے کہ انگلیوں کے نشانات مکمل طور پر حذف کیے جاسکتے ہیں۔ بتانے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اس طرح آپ سرکاری رجسٹریشن سے بچ سکتے ہیں۔ مگر کوئی اگر آپ کو اس قسم کی کہانی سنائے، تو معذرت کے ساتھ عرض ہے کہ اس کی بنیاد حقائق کے بجائے مفروضوں پر مبنی ہے۔ یہ سوال و جواب آپ کو حقائق تک پہنچنے میں مدد دیں گے:

کیا انگلیوں کے نشانات جمع کرانا میرے لیے فائدے مند ہے؟

انگلیوں کے نشانات جمع کرانے سے آپ کیلیے مدد کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ سرکاری رجسٹریشن کے بعد، جس میں انگلیوں کے نشانات دینا بھی شامل ہے، آپ جرمن ریاستی مدد کے حقدار ہوجاتے ہیں۔ جس میں”Asylbewerberleistungen” یعنی پناہ تلاش کرنے والوں کے فوائد، جیسے کے بنیادی سپورٹ وغیرہ بھی شامل ہے۔

میری انگلیوں کے نشانات لینے کا مقصد کیا ہے

یورپ پہنچنے والے ہر پناہ گزین کو خود کو رجسٹر کرانا اور اس ملک میں پناہ کی درخواست دینا ضروری ہے جہاں وہ پہلی بار یوری یونین کی حدود میں داخل ہوا ہو۔ پناہ کے خواہشمند ہر شخص کو اپنی انگلیوں کے نشانات دکھانا اور ریکارڈ کروانا بہت ضروری ہے۔ یہ عمل ڈبلن پروسیجر کا بنیادی جز ہے جو تمام یورپی ممالک میں پناہ کے قوانین کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس طریقہ کار کے مطابق، وہ یورپی ملک جہاں پہلی بار آپ کی انگلیوں کے نشانات لیے گئے وہ ملک آپ کی پناہ کے معاملے کا ذمہ دار ہوگا۔

©dpa

کن حالات میں مجھے اپنی انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کرانے کی اجازت دینا ضروری ہے؟

بنیادی طور پر تین طرح کے حالات میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے حکام کو یہ حق ہے کہ وہ آپ سے انگلیوں کے نشانات مانگ سکتے ہیں:

  1. جب آپ کی پناہ کی سرکاری درخواست متعلقہ حکام تک پہنچ جائے ، اس وقت 14سال سے زائد عمر کے تمام درخواست گزاروں پر انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کرانا لازم ہے۔
  2. اگر آپ کو یورپی یونین کی بیرونی سرحد غیرقانونی طور پر پار کرنے سے روکا جائے، تو سرحدی محافظ آپ سے انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کرنے کا کہیں گے۔
  3. وہ تمام افراد جو یورپی یونین کے رکن ممالک میں قانونی اجازت ملے بغیر مقیم ہوں، وہ متعلقہ حکام سے رابطہ ہونے پر اپنی انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کرانے کے پابند ہوں گے۔

کیا میں اپنی انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کرانے سے انکار کرسکتا ہوں؟

نہیں، کیوں کہ مندرجہ بالا تین حالات میں سے کسی بھی حالت سے گزرنے والے افراد پر قانونا لازم ہے کہ وہ احکامات پر عمل کریں اور اپنی انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کروائیں۔

تعاون سے انکار کرنے کا نتیجہ کیا ہوگا؟

جیسے کہ مندرجہ بالا حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلیوں کے نشانات ریکارڈ کرنا لازم ہے، اس لیے حکام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ مناسب قانونی طریقوں کو اپنا کر شناخت کا عمل مکمل کرسکتے ہیں۔

میری معلومات کتنے عرصے تک محفوظ رکھی جائیں گی؟

جیسے ہی آپ اپنی پناہ کی سرکاری درخواست آگے بھیجیں گے، اس کے بعد زیادہ سے زیادہ 10سال تک آپ کی انگلیوں کے نشانات EURODAC نامی مرکزی ڈیٹابیس میں محفوظ کیے جائیں گے۔ اگر آپ کی پناہ کی درخواست منظور کرلی جاتی ہے، اور بعد میں آپ کو ایک الگ درخواست کے مرحلے کے تحت شہریت دی جاتی ہے تو پناہ کی درخواست کے ڈیٹابیس سے آپ کی معلومات مٹادی جائیں گی۔ ورنہ مرکزی ڈیٹابیس میں آپ کی معلومات زیادہ سے زیادہ 18ماہ جب کہ کچھ خاص حالات میں معلومات کسی بھی عرصے کیلیے محفوظ نہیں رکھی جائیں گی۔

اگر آپ کی انگلیوں کے نشانات کسی اور یورپی ملک جیسے کہ یونان میں ریکارڈ کیے گئے ہوں، تو کیا جرمن حکام کو اس بات کا علم ہوگا؟

جی، بالکل، مگر صرف اور صرف سخت قانون اور قوائد کے مطابق۔ یورپی یونین کے رکن ممالک پناہ کی درخواستوں کے معاملے میں ایک دوسرے سے قریبی تعاون کرتے ہیں۔ جس میں پناہ کے تمام خواہشمندوں کے انگلیوں کے نشانات EURODACنامی مرکزی ڈیٹابیس میں محفوظ کرنا بھی شامل ہے۔ اس ڈیجیٹل آلے کی مدد سے یونان میں لیے گئے انگلیوں کے نشانات کو جرمنی میں لیے گئے فنگرپرنٹس سے ملایا جاسکتا ہے۔ تاہم جرمن حکام واضح کردہ قوائد و ضوابط کے تحت ہی انگلیوں کے نشانات لینے کا یہ حق استعمال کریں گے۔ جس میں یہ بات شامل ہے کہ جب پناہ کا خواہشمند جرمنی میں پناہ کی درخواست دائر کرتا ہے، تو حکام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کیا اس شخص نے اس سے پہلے یونان میں بھی درخواست دائر کی ہے یا نہیں۔ ایسی صورت میں پناہ کی درخواست کے مرحلے کو روکنا پڑتا ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ کون سا ملک اس کا ذمہ دار ہے۔ اسکے علاوہ، کوئی ایسا شخص جو یورپی یونین میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کے بعد جرنی میں پناہ کی درخواست دے، تو اس ڈیجیٹل ڈیٹابیس نظام کے تحت جرمن حکام کو اس حوالے سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

©dpa

کیا انگلیوں کےنشانات ہٹائے یا مٹائے جاسکتے ہیں؟

انگلیوں کے نشانات عملی طور پر مخصوص مرکزی ڈیٹابیس سے صرف اسی وقت مٹائے جاسکتے ہیں اگر ان کا غلط ہونا ثابت ہوجائے یا یہ واضح ہوجائے کہ انہیں غیرقانونی طور پر محفوظ کیا گیا تھا۔ اگر آپ دانستہ طور پر اپنی انگلیوں کے نشانات میں کچھ گڑبڑ یا انہیں ہٹانے کی کوشش کریں گے، تو حکام آپ کی پناہ کی درخواست کو روک سکتے ہیں۔

آخری بار اپڈیٹ کیا گیا: 2020-11-03 شائع کیا گیا: 2020-09-24