کیا وفاقی جمہوریہ جرمنی کا ویزا خریدنا ممکن ہے؟

وفاقی جمہوریہ جرمنی کے بیرون ملک مشن ہی صرف ویزا جاری کرسکتے ہیں۔

نہیں۔ جرمنی میں داخلہ کا ویزا شخصی ہوتا ہے اور کسی خاص فرد کے لئے ہی جاری کیا جاتا ہے۔ ویزے نہ تو بیچے جا سکتے ہیں اور نہ کسی اور شخص کو دئیے جا سکتے ہیں۔ وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفارت خانے اور جنرل کونسلیٹ ہی صرف ویزا جاری کرسکتے ہیں۔ کچھ ممالک میں ویزے کی درخواست بیرونی خدمات فراہم کنندہ کے ذریعہ بھی داخل کی جاسکتی ہے – لیکن صرف انہیں فراہم کنندہ کے ذریعہ جنہیں بیرون ملک جرمن مشن کی جانب سے اجازت حاصل ہو۔ ان بیرونی خدمات فراہم کنندہ کے بارے میں مزید معلومات کے لئے متعلقہ بیرون ملک جرمن مشن کی ویب سائٹ دیکھیں۔ ان ویب سائیٹوں پر درج تنظیموں کے علاوہ کوئی اور فرد یا تنظیم نہ تو ویزا جاری کرسکتی ہے اور نہ ہی ویزے کے درخواست کی تقرری کرسکتے ہیں۔ ویزوں میں جعلسازی مخالف خصوصیات موجود ہیں۔ لہذا ان میں کوئی جعلسازی نہیں کی جا سکتی۔ سرحد پر جعلسازیوں کی شناخت فورا کرلی جائیگی

ویزے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟

بہت سارے غیر ملکی شہریوں کو جرمنی میں داخلہ کے لئے ویزے کی شکل میں رسمی اجازت نامہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جرمنی میں قدم رکھنے سے پہلے ویزا حاصل کرنا لازمی ہے۔ بغیر ویزے کے داخل ہونا غیر قانونی ہے۔

خطہ شینگین کے تحت 90 دنوں تک کے منصوبہ بند قیام کے لئے ایک یکساں معیار کے تحت ویزا جاری کرنے یا نہ جاری کرنے کا فیصلہ لیا جاتا ہے۔ خطہ شینگین میں 26 یورپی ممالک شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر یورپی اتحاد (ای یو) کے ممبر ہیں۔ شینگین ویزا اس کے حامل کو خطہ شینگین میں جب تک ویزے کی قانونی صلاحیت برقرار ہو رہنے کا حق دیتا ہے، لیکن 180 دن کی مدت میں 90 دنوں سے زیادہ کے قیام کی اجازت نہیں دیتا۔ ویزا جاری ہونے کے بعد سیاحت کی غرض سے یا دوستوں یا رشتہ داروں سے ملنے کے لئے یا تجارت کی غرض سے عموما قیام کی اجازت ہے۔ یورپی اتحاد کے ویزے کے قوانین میں تیسرے درجہ کے ممالک کی ایک فہرست شامل ہے جن میں وہ ممالک ہیں جن کے شہریوں کو ویزے کی ضرورت ہے اور دوسرے وہ ممالک ہیں جن کے باشندوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہے (https://www.auswaertiges-amt.de/en/einreiseundaufenthalt/-/231148).

شینگین ویزا کے درخواست دہندہ کے لئے مندرجہ ذیل چار ضرورتوں کا پورا کرنا لازمی ہے:

  1. جرمنی کے لئے سفر کا مقصد مناسب اور قابل فہم ہونا لازمی ہے۔
  2. درخواست دہندہ لازمی طور سے اپنے سفر اور قیام کے اخرجات خود اپنے مال یا ذریعہ آمدنی سے پورا کرنے پر قادر ہونا چاہئے۔ کچھ درخواست دہندہ خود اپنے طور پر اس طرح کی ضمانت مہیا نہیں کراسکتے۔ ان کے لئے ان کا کوئی جرمنی میں جاننے والا یا رشتہ دار ان کے قیام کے اخراجات کو برداشت کرنے کے لئے رضامندی دے سکتا ہے – یہ صرف جرمنی میں غیر ملکی رجسٹریشن آفس میں رسمی التزامی عہدنامہ جمع کرکے ہی ممکن ہے۔
  3. جوکوئی بھی جرمنی کا سفر کرنا چاہتا ہے اس کے لئے یہ ظاہر کرنا لازمی ہے کہ وہ شینگین ویزا کی مدت ختم ہونے پر ملک چھوڑ دے گا/گی۔
  4. ویزے کے لئے دوران سفر صحت کے بیمہ کا دستاویزی ثبوت پیش کرنا لازمی ہے  جو کہ مکمل مدت سفر کا احاطہ کرتا ہو۔ اس بیمہ کا مکمل خطہ شینگین میں قابل قبول ہونا لازمی ہے اور کم از کم 30000 یورو کا بیمہ ہونا چاہئے۔ تین ماہ سے زیادہ کا قیام شینگین پروسس کے زیر انتظام نہیں ہے۔ ان چیزوں پر قومی قوانین لاگو ہوں گے۔ وفاقی جمہوریہ جرمنی نے تقریبا تمام یورپی اتحاد سے باہر کے ممالک کے شہریوں کے لئے ویزا حاصل کرنا لازمی قرار دیا ہے۔ نوٹ: لمبی مدت کے قیام کی اجازت صرف خاص مقاصد جیسے اپنے شوہر یا بیوی سے ملنے، کسی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے یا کسی نوکری کے سلسلے میں (خاص طور سے محققین یا اعلی تعلیم یافتہ پیشہ ور ملازم) کے لئے دی جاسکتی ہے۔ قیام کی جگہ کے لحاظ سے مختلف شرا‍ئط کا پورا کرنا اور مختلف دستاویز جمع کرنا لازمی ہے۔ کسی درخواست دہندہ کو اس کے جمع کردہ دستاویز کی بنیاد پر یہ فیصلہ لیا جاتا ہے کہ اسے ویزا جاری کیا جائے یا نہیں۔ مطلوبہ دستاویز ہر ایک قضیہ کی بنیاد پر مختلف ہوسکتے ہیں۔

ویزا کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

شینگین اور نیشنل دونوں قسم کے ویزوں کے لئے درخواست دہندہ کا بیرون ملک جرمن مشن میں شخصی طور سے جانا لازمی ہے۔ ملاقات کا وقت پہلے سے حاصل کرنا ضروری ہے۔ کچھ ممالک میں ویزے کی درخواست بیرون ملک جرمن مشن کی جانب سے مجوزہ بیرونی خدمات فراہم کنندہ کے ذریعہ بھی جمع کی جاسکتی ہے۔ کچھ جرمن مشن آپ کو آن لائن ملاقات کا وقت مقرر کرنے کی سہولت دیتے ہیں۔ باقی دوسرے مشن میں ملاقات کی تقرری کے لئے فون کرنا لازمی ہے۔ تمام متعلقہ معلومات اور فون نمبر کے لئے جس ملک سے آپ درخواست دینا چاہتے ہیں وہاں کے مشن کی ویب سائب دیکھیں۔
ہوسکتا ہے آپ کو کافی پہلے سے ملاقات کا وقت لینا پڑے۔ کچھ حالات میں فون کے ذریعہ ملاقات کی تقرری کے کئ ہفتوں کے بعد اصل ملاقات کا وقت ملے گا۔ آپ کے ملک میں جرمن مشن کی ویب سائٹ پر دی گئی ویزا خدمات کا ہی استعمال کریں۔

ملاقات کے وقت کا تقرر صرف بیرون ملک مشن یا اس کے بیرونی خدمات فراہم کنندہ کی جانب سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ درخواست دہندہ کے لئے لازمی ہے کہ وہ بلاواسطہ اور شخصی طور پر ملاقات کے وقت کا تعین کریں۔ کوئی بھی ایجنسی جو یہ دعوی کرے کہ وہ ملاقات کا وقت جلد دلاسکتی ہے اس پر بھروسہ نہ کریں۔ ایسا ممکن نہیں ہے۔

جب ملاقات کے لئے آئیں تو تمام ضروری دستاویز لے کر آئیں۔ بہتر ہے کہ پہلے سے جانکاری حاصل کرلیں کہ کون کون سے دستاویز کی ضرورت پڑے گی۔ یہ تمام معلومات بیرون ملک مشن کی ویب سائٹوں سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

ویزا جاری کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ لینے میں ویزا سیکشن کو کتنا وقت درکار ہے؟

عام طور سے 90 دنوں تک کے قیام کے ویزوں پر بیرون ملک مشن دو سے دس دنوں کے اندر فیصلہ لے لیتا ہے۔ لمبی مدت کے قیام کے فیصلوں پر تین مہینوں سے زیادہ کا بھی وقت لگ سکتا ہے کیوں کہ اس میں جرمنی کے ذمہ داران کا بھی عمل دخل ہوتا ہے۔

کیا ویزے کی کوئی فیس ہے؟

شینگین ویزے کی فیس 60 یورو ہے۔ جرمنی کے قومی ویزے کی قیمت عموما 75 یورو ہوتی ہے۔ فیس کی ادائیگی کسی بھی ملک کے قومی کرنسی میں بھی کی جا سکتی ہے۔ فیس میں کچھ استثنائی حالات بھی ہیں۔ مثال کے طور پر پیشہ ورانہ ٹریننگ اور تعلیمی ویزے کے لئے درخواست دہندہ کو کوئی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ چھوٹے بچوں کو کم فیس دینی ہوتی ہے۔ تین ماہ سے زیادہ کا قیام اضافی قیمتوں کا باعث بنتا ہے جیسے جرمن رہائشی اجازت نامہ کی فیس۔

اگر میرا ویزا رد کردیا گیا ہے تو کیا میں دوبارہ درخواست دے سکتا ہوں؟

جی ہاں۔ جرمن مشن میں ویزے کی درخواست کے لئے ہرشخص کا خیر مقدم ہے۔ لیکن اگر آپ کی سابقہ ویزے کی درخواست رد کردی گئی ہے تو آپ کو یہ ظاہر کرنا لازمی ہوگا کہ رد کرنے کی وہ وجہ اب موجود نہیں ہے۔ جتنی زیادہ درخواست آپ جمع کريں گے اس بات کو ثابت کرنا اتنا ہی مشکل ترین ہوتا جائے گا۔

 

مزید معلومات اور ویزے سے متعلق قوانین کے لئے دیکھیں:
https://www.auswaertiges-amt.de/en/einreiseundaufenthalt/visabestimmungen-node

جرمنی کے ویزے کے لئے مطلوبہ شرائط کے بارے میں مزید معلومات کے لئے دیکھیں:
https://www.bmi.bund.de/EN/topics/migration/law-on-foreigners/visa-policy/visa-policy.html

 

14 اگست 2018 کو شائع شدہ