کیا وفاقی جمہوریہ جرمنی کا ویزا خریدنا ممکن ہے؟

وفاقی جمہوریہ جرمنی کے بیرون ملک سفارتخانے ہی صرف ویزا جاری کرسکتے ہیں۔ ©dpa

نہیں۔ جرمنی میں داخلے کا ویزا شخصی بنیادوں پر دیا جاتا ہے اور کسی خاص فرد کو ہی جاری کیا جاتا ہے۔ ویزے نہ تو فروخت کیے جا سکتے ہیں اور نہ کسی اور شخص کو دئیے جا سکتے ہیں۔ وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفارت خانے اور قونصل خانے ہی صرف ویزا جاری کرسکتے ہیں۔ کچھ ممالک میں ویزے کے حصول کیلیے بیرونی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ لیکن صرف انہی اداروں کو یہ اجازت حاصل ہوتی ہے جنہیں جرمنی کے بیرون ملک سفارتخانوں کی جانب سے کنٹریکٹ حاصل ہو۔ ۔ ویب سائیٹس پر درج تنظیموں کے علاوہ کوئی اور فرد یا تنظیم نہ تو ویزا جاری کرسکتی ہے اور نہ ہی ویزے کی درخواستحاصل کرسکتی ہے۔ ویزوں میں جعلسازی کی روک تھام سے متعلق خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ اس لیے ان میں کوئی جعلسازی نہیں کی جا سکتی۔ اورسرحد پر ان جعلسازیوں کی فوری شناخت کرلی جائیگی۔

ویزے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟

بہت سارے غیر ملکی شہریوں کو جرمنی میں داخلہ کے لئے ویزے کی شکل میں رسمی اجازت نامہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جرمنی میں قدم رکھنے سے پہلے ویزا حاصل کرنا لازمی ہے۔ بغیر ویزے کے داخل ہونا غیر قانونی ہے۔

شینگن ممالک میں 90 دنوں تک کے قیام کے لئے ایک یکساں معیار کے تحت ویزا جاری کرنے یا نہ جاری کرنے کا فیصلہ لیا جاتا ہے۔ شینگن ایریامیں 26 یورپی ممالک شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر یورپی اتحاد (ای یو) کے رکن ہیں۔ شینگن ویزا اس کے حامل افراد کو شینگن ایریا میں اس وقت تک قیام کی اجازت دیتا ہے جب تک ویزے کی قانونی حیثیت برقرار ہو ۔ لیکن 180 دن کی مدت میں 90 دنوں سے زیادہ کے قیام کی اجازت نہیں دیتا۔ ویزا جاری کرتے وقت، سیاحت کی غرض سے قیام، دوستوں یا رشتہ داروں سے ملاقات اورتجارت کی غرض سے شینگن ایریا آنے کا مقصد ہو تو عموما ویزا جاری کردیا جاتا ہے۔ یورپی یونین ویزا قوانین میں تیسرے درجہ کے ممالک کی ایک فہرست شامل ہے جن میں وہ ممالک ہیں جن کے شہریوں کو ویزے کی ضرورت ہے اور دوسرے وہ ممالک ہیں جن کے باشندوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہے (https://www.auswaertiges-amt.de/en/einreiseundaufenthalt/-/231148).

شینگن ویزا کے حصول کیلیے درج ذیل چار شرائط پر پورا اترنا لازمی ہے:

  1. جرمنی کے لئے سفر کا مقصد مناسب اور قابل فہم ہونا لازمی ہے۔
  2. درخواست گزاروں کی اتنی حیثیت ہونا لازمی ہے کہ وہ اپنے قیام اور سفری اخراجات اپنے مال یا آمدن سے پورا کرسکیں۔ کچھ درخواست گزار خود اپنے طور پر اس طرح کی ضمانت مہیا نہیں کراسکتے۔ تو ان کے لئے ان کا کوئی جرمنی میں جاننے والا یا رشتہ دار ان کے قیام کے اخراجات کو برداشت کرنے کے لئے اپنی ضمانت دے سکتا ہے – مگر ا سکے لیے لازمی ہے کہ جرمنی میں غیرملکی باشندوں کے رجسٹریشن دفتر میں اس حوالے سے باقاعدہ عہدنامہ جمع کرایا جائے۔
  3. جوکوئی بھی جرمنی کا سفر کرنا چاہتا ہے اس کے لئے یہ ظاہر کرنا لازمی ہے کہ وہ شینگن ویزا کی مدت ختم ہونے پر ملک چھوڑ دے گا/گی۔
  4. ویزا حاصل کرنے کے لئے سفری طبی انشورنس کا دستاویزی ثبوت پیش کرنا لازمی ہے جو کہ قیام کی مکمل مدت کا احاطہ کرتا ہو۔ اور اس انشورنس کاپورے شینگن ایریا میں قابل قبول ہونا لازمی ہے جب کہ اس کی کم از کم حد 30000 یوروز ہونی چاہیے
    180روز کی مدت کے دوران 90روز سے زیادہ کا قیام شینگن کے عمل کا حصہ نہیں ہے۔ اور ایسے معاملات پر ملکی قوانین لاگو ہوتے ہیں۔ وفاقی جمہوریہ جرمنی یورپی یونین ممالک کے علاوہ تقریبا تمام ممالک کے شہریوں کو اس بات کا پابند کرتا ہے کہ وہ ویزا حاصل کریں۔
    براہ مہربانی نوٹ کیجیے: لمبی مدت کے قیام کی اجازت صرف خاص مقاصد جیسے اپنے شوہر یا بیوی سے ملنے، کسی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے یا کسی نوکری کے سلسلے میں (خاص طور پر محققین یا انتہائی پیشہ ور ملازمین) کے لئے دی جاسکتی ہے۔ قیام کی جگہ کے لحاظ سے مختلف شرا‍ئط کا پورا کرنا اور مختلف دستاویز جمع کرنا لازمی ہے۔ کس شخص کو ویزا جاری کیا جائے اور کسے نہیں اس بات کا فیصلہ متعلقہ ویزا سیکشن پیش کردہ دستاویزات کی بنیاد پرکرتا ہے۔ اور ہر معاملے کے حساب سے مختلف دستاویزات درکار ہوتی ہیں۔

ویزا کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

شینگن اور جرمن ویزا حاصل کرنے کیلیے درخواست گزار کا بیرون ملک جرمن سفارتخانے میں شخصی طور پر جانا لازمی ہے۔ ملاقات کا وقت پہلے سے حاصل کرنا ضروری ہے۔ کچھ ممالک میں ویزے کی درخواست کیلئے بیرونی خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہیں جن کا بیرون ملک جرمن سفارتخانے سے کنٹریکٹ ہو۔ ۔ کچھ جرمن سفارتخانے آپ کو ملاقات کا وقت مقرر کرنے کیلیے آن لائن سہولت بھی دیتے ہیں۔ جب کہ دوسرے سفارتخانوں میں ملاقات کا وقت طے کرنے کے لئے فون کرنا لازمی ہے۔ تمام متعلقہ معلومات اور فون نمبرز کے لئے آپ اپنے اپنے ممالک میں موجود جرمن سفارتخانوں کی کی ویب سائٹس وزٹ کریں۔

ہوسکتا ہے آپ کو کافی پہلے سے ملاقات کا وقت لینا پڑے۔ کچھ حالات میں فون کے ذریعہ ملاقات کا وقت طے کرنے کے کئی ہفتوں بعد آپ کو اصل ملاقات کا وقت ملے گا۔ آپ کے ملک میں جرمن سفارتخانے کی ویب سائٹ پر جو ویزا سروسز درج ہیں صرف ان ہی کااستعمال کریں۔

ملاقات کے وقت کا تقرر صرف بیرون ملک سفارتخانہ یا اس کا بیرونی خدمات فراہم کرنے والے ادارہ کرسکتا ہے۔ درخواست گزار وں کے لئے لازم ہے کہ وہ براہ راست اور ذاتی طور پر ملاقات کے وقت کا تعین کریں۔ ایسی کسی بھی ایجنسی پر بھروسہ مت کریں جو یہ دعوی کرے کہ وہ ملاقات کا وقت جلد دلاسکتی ہے ایسا ممکن نہیں ہے۔

جب ملاقات کے لئے آئیں تو تمام ضروری دستاویز ساتھ لے کر آئیں۔ بہتر ہے کہ پہلے سے جانکاری حاصل کرلیں کہ کون کون سے دستاویز کی ضرورت پڑے گی۔ یہ تمام معلومات بیرون ملک سفارتخانے کی ویب سائٹس سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

ویزا جاری کرنے یا جاری نہ کرنے کا فیصلہ لینے میں ویزا سیکشن کو کتنا وقت لگتا ہے؟

عام طور پر 90 دنوں تک کے قیام کے ویزوں پر بیرون ملک سفارتخانہ دو سے دس کاروباری دنوں کے اندر فیصلہ لے لیتا ہے۔ طویل مدت کے قیام کے لیے ویزوں پر فیصلہ لینے کیلیے تین مہینوں سے زیادہ کا بھی وقت لگ سکتا ہے کیوں کہ اس میں جرمنی کے اداروں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔

کیا ویزے کی کوئی فیس ہے؟

شینگن ویزے کی فیس 80 یورو ہے۔ جرمنی کے قومی ویزے کی فیس عموما 75 یورو ہوتی ہے۔ فیس کی ادائیگی ملک کی قومی کرنسی میں بھی کی جا سکتی ہے۔ فیس میں کچھ استثنا بھی شامل ہیں ۔ مثال کے طور پر پیشہ ورانہ ٹریننگ اور تعلیمی ویزے کے لئے درخواست دہندہ کو کوئی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ چھوٹے بچوں کی کم فیس دینی ہوتی ہے۔ تین ماہ سے زیادہ کا قیام اضافی اخراجات کا باعث بنتا ہے جیسے جرمن رہائشی اجازت نامہ کی فیس۔

اگر میرا ویزا مسترد ہوجائے تو کیا میں دوبارہ درخواست دے سکتا ہوں؟

جی ہاں۔ بیرون ملک موجود جرمن سفارتخانہ ویزے کی درخواست کے لئے ہرشخص کا خیر مقدم کرتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی سابقہ ویزے کی درخواست مسترد کردی گئی ہو تو آپ کو یہ ظاہر کرنا لازمی ہوگا کہ ویزا رد کرنے کی وہ وجہ اب موجود نہیں ہے۔ جتنی زیادہ درخواست آپ جمع کريں گے اس بات کو ثابت کرنا اتنا ہی مشکل ترین ہوتا جائے گا۔

ویزا قوانین سمیت مزید معلومات کے لئے دیکھیے:
https://www.auswaertiges-amt.de/en/einreiseundaufenthalt/visabestimmungen-node

جرمنی کے ویزے کے لئے مطلوبہ شرائط کے بارے میں مزید معلومات: https://www.bmi.bund.de/EN/topics/migration/law-on-foreigners/visa-policy/visa-policy.html

آخری بار اپڈیٹ کیا گیا: 2020-10-05 شائع کیا گیا: 2018-08-21